صوبائی وزیر ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنائے بغیر بلوچستان اور پاکستان کی پائیدار ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کے لیے معاشی مواقع بڑھانے اور مقامی دستکاری و مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
کوئٹہ: صوبائی وزیر ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خواتین کا معاشی طور پر بااختیار ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین آبادی کا نصف سے زائد حصہ ہیں، اس لیے ان کی مالی خودمختاری کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کوئٹہ میں گھریلو خواتین کاروباری افراد کی معاونت کے لیے قائم کیے گئے بزنس سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کے لیے معاشی مواقع بڑھانے اور انہیں مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین روایتی دستکاری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے منفرد مصنوعات تیار کر رہی ہیں، جبکہ صوبائی حکومت نجی شعبے کے تعاون سے مقامی دستکاری اور مصنوعات کو ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں متعارف کرانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر منتظمین نے کہا کہ بزنس سینٹر کا مقصد بالخصوص دور دراز علاقوں کی گھریلو خواتین کو اپنی مصنوعات کی مؤثر مارکیٹنگ اور پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرکے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔


