بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (بیف) کے کیڈٹ ایکسیلنس پروگرام کے تحت صوبے کے چھ پسماندہ اضلاع کی 6 ہونہار طالبات کو بختاور کیڈٹ کالج فار گرلز، شہید بینظیر آباد میں داخلہ دیا گیا۔
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے صوبے میں تعلیم کے فروغ کے وژن کے تحت بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (بیف) نے ایک اور اہم تعلیمی کامیابی حاصل کرتے ہوئے صوبے کے دور دراز اور پسماندہ اضلاع سے تعلق رکھنے والی 6 ہونہار طالبات کو کیڈٹ ایکسیلنس پروگرام کے تحت سندھ کے بختاور کیڈٹ کالج فار گرلز، شہید بینظیر آباد میں داخلہ دلوایا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے طالبات کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے بیف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مستحق طلبہ کو بروقت اور بلا تعطل اسکالرشپس کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا۔
بیف کے زیر انتظام شہید بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے تحت منتخب ہونے والی طالبات میں عائشہ بنت حارث (بارکھان)، عنبرین اکبر (جھل مگسی)، اریشہ الطاف (کچھی)، منیزہ محسن (جعفرآباد)، وجیہہ بتول (موسیٰ خیل) اور زیبل النساء (صحبت پور) شامل ہیں۔ یہ طالبات اپنے اپنے اضلاع میں نمایاں تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کی گئی ہیں۔
اس موقع پر بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے تمام منتخب طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بیف میرٹ اور شفافیت پر مبنی اسکالرشپ پروگراموں کے ذریعے بلوچستان بھر کے باصلاحیت اور مستحق طلبہ و طالبات کی تعلیمی معاونت کے لیے پرعزم ہے۔



