کوئٹہ کے ایوب سپورٹس کمپلیکس میں اپ گریڈیشن کے بعد بلوچستان سپورٹس بورڈ کرکٹ
اکیڈمی کا افتتاح کر دیا گیا، جہاں نوجوان کرکٹرز کے لیے جدید تربیتی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
کرکٹ اکیڈمی کی اپ گریڈیشن مکمل، پچز کی تعداد 2 سے بڑھا کر 10 کر دی گئی
کوئٹہ: ایوب سپورٹس کمپلیکس میں محکمہ کھیل حکومتِ بلوچستان کی جانب سے تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے بعد بلوچستان سپورٹس بورڈ کرکٹ اکیڈمی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح صوبائی مشیرِ کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے ربن کاٹ کر کیا، جبکہ سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان دُرا بلوچ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھیں۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری کھیل سجاد اسلم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کوئٹہ ارسلان خان، اکیڈمی کوچ بشیر مگسی، اکیڈمی کوچ ارباب شاکر، دیگر عہدیداران اور اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اکیڈمی میں جدید سہولیات فراہم، نوجوان کرکٹرز کو بہتر ماحول میسر
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیرِ کھیل مینا مجید بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو معیاری کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرکٹ اکیڈمی کے متعدد دوروں کے دوران درپیش مسائل اور سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد اس کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اکیڈمی میں پہلے صرف دو کرکٹ پچز موجود تھیں، جن کی تعداد بڑھا کر دس کر دی گئی ہے، جبکہ تمام پچز پر جدید معیار کے نیٹس بھی نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈریسنگ رومز اور واش رومز کی مکمل تزئین و آرائش، فرش پر ٹف ٹائلز کی تنصیب، صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن سسٹم اور بجلی کے مسائل کا بھی مستقل حل کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے کرکٹرز کو قومی سطح پر یکساں مواقع دینے کی ضرورت
سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان دُرا بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے کرکٹرز نے ہر سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ محکمہ کھیل کا بنیادی مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تربیتی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک کے تمام صوبوں کے کھلاڑیوں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں اور بلوچستان کے باصلاحیت کرکٹرز کو بھی قومی سطح پر بھرپور نمائندگی دی جانی چاہیے۔



