محکمہ کھیل حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی فٹبال ٹورنامنٹ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا، فائنل میں ہزارہ کلب نے اے کے ایف سی کو پینلٹی ککس پر 3-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ہزارہ کلب نے آزادی کپ اپنے نام کرلیا
کوئٹہ: ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلے گئے جشنِ آزادی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہزارہ کلب کا مقابلہ اے کے ایف سی سے ہوا۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
میچ کا فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا، جہاں ہزارہ کلب نے اے کے ایف سی کو 3-1 سے شکست دے کر آزادی کپ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
Hazara Club secured the Independence Cup after a thrilling penalty shootout victory in Quetta.
شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد کی شرکت
فائنل میچ دیکھنے کے لیے شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد ایوب اسٹیڈیم میں موجود تھی، جنہوں نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی اور میچ کے دوران اپنی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی۔
اختتامی تقریب میں انعامات تقسیم
اختتامی تقریب کی مہمانِ خصوصی صوبائی مشیرِ کھیل مینا مجید بلوچ تھیں، جنہوں نے فاتح اور رنر اَپ ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور جشنِ آزادی فٹبال کپ کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔
اس موقع پر سیکریٹری کھیل دُرا بلوچ بھی موجود تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر محکمہ کھیل کی کاوشوں کو سراہا۔
ہزارہ کلب کے کپتان کا شائقین سے اظہار تشکر
ہزارہ کلب کے کپتان نے فائنل میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد میں گراؤنڈ آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔



