Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

وزیراعلیٰ بلوچستان کا سوئی ماسٹر پلان کے منصوبے بروقت مکمل کرنے کا حکم

✍️ Nazrban Balochistan 📅 12 Aug 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت اجلاس، سوئی ماسٹر پلان فیز ون میں شہری سہولیات کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ، تعمیراتی معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت

سوئی ماسٹر پلان فیز ون پر پیش رفت کا جائزہ

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت سوئی ماسٹر پلان پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کے مختلف اجزا اور جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ، ڈسٹرکٹ کونسل ڈیرہ بگٹی کے وائس چیئرمین میر جمال خان کلپر سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ویڈیو لنک کے ذریعے رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے بورڈ حکام، کمشنر سبی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ڈیرہ بگٹی زوہیب الحسن اور چیئرمین میونسپل کمیٹی سوئی عزت امان بگٹی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

سوئی میں شہری سہولیات کے متعدد منصوبے شامل

اجلاس کو بتایا گیا کہ سوئی ماسٹر پلان کے پہلے مرحلے کے تحت روشن سڑکوں، سیوریج سسٹم، میر غلام قادر بگٹی اسٹیڈیم، لیڈیز پارک، بس ٹرمینل، ٹرک اسٹینڈ اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ مذکورہ منصوبے حکومت بلوچستان اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے 50،50 فیصد اشتراک سے قلیل مدت میں مکمل کیے جائیں گے، جس سے سوئی میں شہری سہولیات اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔

Sui Master Plan aims to transform the city through modern infrastructure and improved public services.

تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ سوئی ماسٹر پلان کے تحت جاری تمام منصوبوں میں تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری کام کی صورت میں ذمہ دار فرم اور متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

سوئی کو جدید اور مثالی سِوک سٹی بنایا جائے گا

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوئی کو ایک جدید اور مثالی سِوک سٹی بنایا جائے گا اور سوئی میں گزشتہ پچاس سال اور موجودہ حکومت کے دو سالہ دور کی ترقی کے درمیان نمایاں فرق نظر آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سوئی کے عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو عملی طور پر بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

منصوبوں کو عوامی خدمت کا نوبل کاز سمجھ کر مکمل کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سوئی ماسٹر پلان کے منصوبوں کو محض ایک ترقیاتی اسکیم نہیں بلکہ عوامی خدمت کا نوبل کاز سمجھ کر مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ افسران ذاتی دلچسپی اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ منصوبوں کی نگرانی کریں۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں