Facebook YouTube TikTok WhatsApp
بلوچستان

بی ایس ڈی آئی کے تحت بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں ترقیاتی منصوبے جاری

✍️ Nazrban Balochistan 📅 18 Aug 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

کوئٹہ: حکومت بلوچستان کی جانب سے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت صوبے کے دور دراز علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

قلعہ عبداللہ میں باکس کلورٹ کی تعمیر

بی ایس ڈی آئی فیز ون کے تحت ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے ماروار سیدان میں باکس کلورٹ تعمیر کیا گیا ہے۔ منصوبے سے قبل گزرگاہ پر نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث بارشوں اور سیلابی ریلوں کے دوران آمدورفت شدید متاثر ہوتی تھی۔

پانی کے تیز بہاؤ سے راستہ بند ہونے اور سفر میں مشکلات کے باعث مقامی آبادی کو طویل انتظار اور اضافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

باکس کلورٹ کی تعمیر سے پانی کی نکاسی کے لیے محفوظ راستہ فراہم ہوگیا ہے، جس سے بارش اور سیلابی صورتحال میں آمدورفت پہلے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور آسان ہوگی۔ منصوبے سے مقامی آبادی کو روزمرہ سفر، باہمی رابطوں اور نقل و حرکت میں سہولت ملے گی۔

چمن بوائز ڈگری کالج میں واٹر اسٹوریج ٹینک

بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت چمن کے بوائز ڈگری کالج میں اوور ہیڈ واٹر اسٹوریج ٹینک بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات بہتر بنانے اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔

ماضی میں کالج میں پانی ذخیرہ کرنے کی مناسب سہولت نہ ہونے کے باعث پانی کی دستیابی ایک مستقل مسئلہ بنی رہی۔ محدود اسٹوریج کے باعث طلبہ اور عملے کو روزمرہ ضروریات کے لیے پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

نئے واٹر اسٹوریج ٹینک سے پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافہ ہوگا اور ضرورت کے وقت پانی کی دستیابی یقینی بنانے میں مدد ملے گی، جس سے کالج کے طلبہ اور عملے کو بنیادی سہولت کی فراہمی بہتر ہوگی۔

جھل مگسی میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

دوسری جانب بی ایس ڈی آئی کے تحت ضلع جھل مگسی سمیت صوبے بھر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ضروری ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ جھل مگسی میں جاری منصوبوں اور ضلع کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ اور لیفٹیننٹ کرنل عاصم خان کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان، عوامی مسائل، سرکاری محکموں کی کارکردگی، صحت و صفائی، تعلیمی اداروں اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر سید رحمت اللہ شاہ نے افسران کو ہدایت کی کہ بی ایس ڈی آئی سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی معیار کو یقینی بنایا جائے اور منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، عوامی شکایات کا بروقت ازالہ اور سرکاری امور میں شفافیت ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔

Balochistan development projects aim to improve infrastructure and basic public facilities in remote districts.

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں