محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے جبکہ متعدد علاقوں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرم موسم متوقع
ریجنل میٹرولوجیکل سینٹر کوئٹہ کے مطابق آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ نوشکی، واشک، دالبندین، خاران، نوشکی، پنجگور، کیچ، آواران، خضدار، سبی اور ڈیرہ بگٹی سمیت نصیرآباد ڈویژن میں شدید گرمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوکنڈی میں درجہ حرارت 44.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ
موسمیاتی ریکارڈ کے مطابق نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
دیگر علاقوں میں ژوب کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36، قلات 33، پسنی 33، اورماڑہ 31 اور جیوانی 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Balochistan weather is expected to remain hot, with isolated rain and strong winds in several districts.
مختلف اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، ہرنائی، بارکھان، زیارت، کوہلو اور خضدار سمیت ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔
بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ان علاقوں میں موسم کی شدت میں عارضی کمی متوقع ہے، تاہم صوبے کے بیشتر حصوں میں گرم موسم برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرم اور خشک موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شدید گرمی والے علاقوں میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا مناسب استعمال اور صحت کا خیال رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔



