Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

گوادر میں تعلیمی شعبے کی بہتری، بی ایس ڈی آئی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کا جائزہ

✍️ Nazrban Balochistan 📅 21 Aug 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس، اساتذہ کی حاضری، کلسٹر بجٹ کے شفاف استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت

گوادر میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے اقدامات کا جائزہ

رپورٹ: گوادر: بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت ضلع گوادر میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی کارکردگی، اساتذہ کی حاضری، ترقیاتی منصوبوں، کلسٹر بجٹ کے شفاف استعمال اور طلبہ کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔

ترقیاتی کاموں اور کلسٹر بجٹ کی نگرانی

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کلسٹر بجٹ کے تحت ہونے والے اخراجات اور ترقیاتی و مرمتی کاموں کی فزیکل تصدیق متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں کی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع گوادر میں کوئی سرکاری اسکول غیر فعال نہیں، تاہم اساتذہ کی حاضری اور تدریسی سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔

بی ایس ڈی آئی اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کا جائزہ

اجلاس میں بی ایس ڈی آئی اور پی ایس ڈی پی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں تعمیراتی کام، اساتذہ بالخصوص خواتین اساتذہ کی کمی، درسی کتب کی بروقت فراہمی، نان فارمل ایجوکیشن، مدارس کی رجسٹریشن اور نجی اسکولوں میں بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے تعلیمی اداروں کی مؤثر مانیٹرنگ، اساتذہ کی حاضری، تعلیمی معیار اور طلبہ کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر گوادر، محکمہ تعلیم، یونیسیف، سول سوسائٹی، پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ نمائندگان نے شرکت کی۔

خضدار میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری

خضدار میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، بی ایس ڈی آئی منصوبوں سمیت مختلف عوامی مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی ہدایت پر منعقدہ کھلی کچہری کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ نے کی، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان اور شہریوں نے شرکت کی۔

کھلی کچہری میں شہریوں نے بی ایس ڈی آئی منصوبوں کے ساتھ پینے کے صاف پانی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، زمینداروں کے مسائل، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، تعلیم، صحت، معذور کوٹہ اور امن و امان سے متعلق شکایات اور تجاویز پیش کیں۔

اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو شکایات کے ازالے اور ضروری اقدامات کی ہدایات دیں۔

کھلی کچہری میں ایف سی قلات اسکاؤٹس کے میجر اسرار، اسسٹنٹ کمشنر نال عبداللہ مینگل، اسسٹنٹ کمشنر زہری روزین جمالی سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

متعلقہ افسران نے شہریوں کے سوالات کے جوابات دیے اور اپنے محکموں سے متعلق مسائل پر آگاہی فراہم کی۔ کھلی کچہری میں عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کے ذریعے مختلف شہری مسائل کو متعلقہ اداروں کے سامنے رکھا گیا۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں