نوشکی، حب اور دکی میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری، متعلقہ حکام نے تعمیراتی معیار اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
نوشکی میں بی ایچ یو عیسیٰ چاہ کی ترقیاتی اسکیم مکمل
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت نوشکی میں بنیادی مرکزِ صحت عیسیٰ چاہ کی ترقیاتی اسکیم مکمل کرلی گئی ہے۔ مرکزِ صحت کی بحالی اور بہتری سے عیسیٰ چاہ اور گرد و نواح کی آبادی کو بنیادی طبی سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی۔
بی ایچ یو عیسیٰ چاہ فعال ہونے سے مقامی لوگوں کو معمولی بیماریوں کے علاج، ابتدائی طبی معائنے، ضروری ادویات اور دیگر بنیادی صحت کی سہولیات کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
مرکزِ صحت میں خواتین اور بچوں کی بنیادی صحت سے متعلق خدمات بھی فراہم کی جاسکیں گی، جبکہ مزید علاج یا خصوصی طبی توجہ کے ضرورت مند مریضوں کو اعلیٰ طبی مراکز ریفر کیا جائے گا۔
Balochistan’s development initiative is improving access to essential healthcare in rural communities.
حب میں بی ایس ڈی آئی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ
ضلع حب میں بی ایس ڈی آئی کے تحت عوامی سہولیات، تعلیم، صحت، تفریح اور شہری تحفظ سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا نے ضلع حب کا دورہ کیا اور جاری و مکمل منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
کمشنر نے بلدیہ پبلک لائبریری، بلدیہ فیملی پارک، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر آفس، دارو نالہ فلڈ پروٹیکشن وال، ای کامرس سینٹر حب اور بی ایچ یو بھوانی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار، تکمیل کی صورتحال اور عوام کو حاصل ہونے والے فوائد پر بریفنگ دی گئی۔
سائرہ عطا نے تمام منصوبوں میں تعمیراتی معیار، بروقت تکمیل اور مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک لائبریری اور ای کامرس سینٹر نوجوانوں کے لیے تعلیم، ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، جبکہ فیملی پارک بہتر تفریحی ماحول فراہم کرے گا۔
انہوں نے دارو نالہ فلڈ پروٹیکشن وال کی مضبوطی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے شہری آبادی اور املاک کے تحفظ میں مددگار ہوگا۔
دکی میں بی ایس ڈی آئی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ
دکی میں بھی بی ایس ڈی آئی کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی نے بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت جاری منصوبوں کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت منظور شدہ ترین چوک تا وانگی روڈ کا بھی معائنہ کیا اور مجوزہ سڑک کے روٹ سمیت تعمیر سے متعلق دیگر امور کا جائزہ لیا۔
فضل الرحمن کبدانی نے متعلقہ افسران کو منصوبے میں شفافیت، معیار اور بروقت کام یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ دکی میں جاری بی ایس ڈی آئی منصوبوں کی نگرانی جاری رکھے گی۔



