Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا آبائی علاقے ڈیرہ بگٹی کا دورہ، چھ گھنٹے سے زائد عوامی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے

✍️ Nazrban Balochistan 📅 24 Oct 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

وزیراعلیٰ قبائلی عمائدین اور عوام میں گھل مل گئے، بطور چیف آف بگٹی متعدد قبائلی تنازعات کے فیصلے، امن و ترقی اور عوامی فلاح کے عزم کا اعادہ

ڈیرہ بگٹی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے آبائی علاقے ضلع ڈیرہ بگٹی کے شمالی حصے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عوامی کچہری کا انعقاد کیا اور چھ گھنٹے سے زائد وقت قبائلی عمائدین، معززین اور شہریوں کے درمیان گزارا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ عوام میں گھل مل گئے اور ان کے مسائل، شکایات اور تجاویز سنیں۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بطور چیف آف بگٹی اپنے قبیلے کے متعدد قبائلی معاملات اور تنازعات کے فیصلے بھی کیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قبائلی روایات میں باہمی مشاورت، بھائی چارے اور افہام و تفہیم کے ذریعے تنازعات کا حل ایک اہم روایت ہے، جس سے دیرینہ دشمنیوں کے خاتمے اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں مدد ملتی ہے۔

بلوچستان کے عوام سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، وزیراعلیٰ

قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے بلوچ اور پشتون عوام دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ صوبے کا ہر محب وطن شہری ریاست کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے بقول فتنہ الہندوستان کو شکست دینے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔

پسماندہ علاقوں میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے حکومت بلوچستان کی اہم کامیابی ہیں

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت پسماندہ اور دور دراز علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محروم علاقوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام موجودہ حکومت کی کارکردگی کا ایک سنہرا باب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی، علاقائی پسماندگی کا خاتمہ اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لانا ہے۔

گزشتہ دو سال کے دوران ہزاروں نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئیں، میر سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ دو سال کے دوران مختلف سرکاری محکموں میں ہزاروں نوجوانوں کو بھرتی کرکے روزگار فراہم کیا ہے، جبکہ مزید نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں میرٹ کی بالادستی محض ایک اعلان نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی پالیسی ہے، جس پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں اور قابلیت کے مطابق آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں اور سرکاری اداروں میں بھرتیوں کے عمل کو شفاف بنایا جائے۔

صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران صوبائی حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے اور ان شعبوں کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج کو ملکی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں عوامی مسائل کے حل، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، معیاری تعلیم، صحت کی بہتر سہولیات اور پائیدار ترقی کے لیے حکومتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی خدمت اور بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کر رہی ہے

Balochistan CM Mir Sarfraz Bugti Holds Six-Hour Public Kachehri in Dera Bugti,

Resolves Tribal Disputes and Highlights Development, Merit-Based Jobs and Security Efforts

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑