بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت پنجگور، سنجاوی اور دکی سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، عوامی مسائل کے حل اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا، صاف پانی کی دستیابی یقینی بنانا اور آمدورفت کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔
پنجگور: کھلی کچہری میں عوامی مسائل اور تجاویز پیش
پنجگور میں ضلعی انتظامیہ اور پنجگور رائفلز کے زیرِ اہتمام ایف سی ہیڈ کوارٹر میں کھلی کچہری منعقد ہوئی، جہاں شہریوں نے تعلیم، صحت، روزگار، امن و امان، صاف پانی اور بارڈر سے متعلق مسائل حکام کے سامنے رکھے۔
کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پنجگور جہانزیب بلوچ، کمانڈنٹ ایف سی پنجگور رائفلز، ڈپٹی کمانڈنٹ، ڈی پی او، ڈسٹرکٹ چیئرمین، میئر شکیل احمد قمبرانی، سرکاری محکموں کے سربراہان، عوامی نمائندوں، طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہانزیب بلوچ نے کہا کہ پنجگور میں امن کے قیام، تعلیمی اداروں کی بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ بی ایس ڈی آئی کے تحت مزید ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
کمانڈنٹ ایف سی پنجگور رائفلز نے بتایا کہ بی ایس ڈی آئی کے تحت تعلیمی اداروں کی مرمت، بنیادی سہولیات اور آبنوشی کے متعدد منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیکرز کے اجرا اور بحالی سے متعلق معاملات بھی میرٹ پر حل کیے جا رہے ہیں۔
کھلی کچہری کے اختتام پر نوجوانوں اور دیگر شرکاء نے روزگار، تعلیم، صحت اور دیگر مسائل کے حل کے لیے اپنی درخواستیں حکام کو پیش کیں اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
سنجاوی: زیرِ زمین پانی کی دستیابی کے لیے جیولوجیکل سروے شروع
ضلع سنجاوی میں صاف پانی کی فراہمی کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) فیز تھری کے تحت جیولوجیکل سروے شروع کر دیا گیا ہے۔
سروے کے دوران اوجلون، کلی اصغرہ، سول ہسپتال سنجاوی، کلی پاسرہ، کلی کنوبی اور کلی نری ڈاک سمیت مختلف علاقوں میں زیرِ زمین پانی کی موجودگی اور موزوں مقامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق جیولوجیکل سروے کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس کے نتائج کی روشنی میں آئندہ مرحلے کے کام کا تعین کیا جائے گا۔ رپورٹ میں سامنے آنے والی تفصیلات مستقبل کے منصوبوں کی منصوبہ بندی اور پانی کی فراہمی کے لیے موزوں مقامات کے انتخاب میں معاون ثابت ہوں گی۔
بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت جاری یہ سروے سنجاوی کے مختلف علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی بنیاد بنے گا اور شہریوں کو پینے کے پانی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔
دکی: سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کا معائنہ، معیار برقرار رکھنے کی ہدایت
ضلع دکی میں بہتر سفری سہولیات اور شہری آمدورفت میں بہتری کے لیے بی ایس ڈی آئی کے تحت وانگی روڈ اور پارک سے ملحقہ سڑک کی تعمیر کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی نے ایکسین روڈ ماجد ترین کے ہمراہ زیرِ تعمیر سڑکوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے مختلف مراحل، معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام سے منصوبوں کی پیش رفت اور تفصیلات بھی معلوم کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، کام کی رفتار بہتر بنائی جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے منصوبوں کی مسلسل نگرانی پر بھی زور دیا تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری یہ منصوبے دکی میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر اور شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
Balochistan Special Development Initiative (BSDI) Accelerates Development Projects in Panjgur, Sanjawi and Duki to Improve Public Services, Clean Water Supply and Road Infrastructure



