Facebook YouTube TikTok WhatsApp
کاروبار

پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق، دوحہ میں اہم اجلاس

✍️ Nazrban Balochistan 📅 25 Oct 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قطری وزیر مملکت کی مشترکہ صدارت، زراعت، صنعت، آئی ٹی اور انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس برائے تجارت و سرمایہ کاری کا دوسرا اجلاس دوحہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قطر کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے کی۔ اجلاس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی شراکت داری کے نئے مواقع کا جائزہ لیا گیا، جبکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے اجلاس کی کارروائی کو مربوط کیا۔

آزاد تجارتی معاہدے اور پاکستانی برآمدات پر اہم پیش رفت

اجلاس میں پاکستان اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا گیا۔ پاکستانی وفد نے قطر کو گوشت کی برآمدات پر عائد پابندیاں ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔ اس کے علاوہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اور قطر کی حساد فوڈ کمپنی کے درمیان پاکستانی چاول کی فراہمی کے مجوزہ معاہدے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

زراعت، الیکٹرک گاڑیوں اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی دعوت

پاکستان نے قطر کو جدید زراعت، کولڈ اسٹوریج، الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اجلاس میں مجوزہ نئی کراچی حیدرآباد موٹروے، بحری نقل و حمل، ایل این جی کیریئرز اور فضائی روابط میں تعاون بڑھانے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔

گیارہ تکنیکی ورکنگ گروپس جلد فعال بنانے پر زور

پاکستانی وفد نے تجارت و سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں قائم گیارہ تکنیکی ورکنگ گروپس کو جلد فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان نے اپنے نمائندوں کی تفصیلات قطر کو فراہم کردی ہیں اور قطری نامزدگیوں کی جلد تکمیل کی درخواست کی ہے۔

اجلاس کے اختتام پر جام کمال خان اور ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے مشترکہ ٹاسک فورس کے پہلے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے اور اقتصادی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جام کمال خان کی ورلڈ انویسٹمنٹ فورم کی سربراہ سے ملاقات

دریں اثنا وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے دوحہ میں ورلڈ انویسٹمنٹ فورم کی سربراہ نان لی کولنز سے ملاقات کی، جس میں عالمی معاشی چیلنجز، علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے خطے میں تجارتی روابط اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

Pakistan and Qatar Agree to Boost Trade, Investment and Economic Cooperation at Doha Joint Task Force Meeting

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑