پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے آفات کے دوران صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام اور بچوں کے تحفظ کے لیے جامع اقدامات، یو این ایف پی اے کی تکنیکی معاونت
خواتین اور بچوں کے تحفظ کو ترجیح
کوئٹہ: بلوچستان میں قدرتی آفات کے خطرات کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہنگامی حالات کے دوران خواتین، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے جینڈر اینڈ چائلڈ سیل (GCC) کے کردار اور ذمہ داریوں سے متعلق آگاہی مہم شروع کی ہے۔
یہ اقدام وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب غوری زئی کی خصوصی ہدایات اور وژن کے تحت خواتین اور بچوں کے تحفظ کو ادارہ جاتی شکل دینے اور صوبے بھر میں جامع و صنفی حساس ڈیزاسٹر رسپانس کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
جینڈر اینڈ چائلڈ سیل کا کردار
پی ڈی ایم اے بلوچستان کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ کوآرڈینیشن و ریسکیو 1122 نوید احمد نے آگاہی پیغام میں بتایا کہ جینڈر اینڈ چائلڈ سیل کا مقصد ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تمام مراحل میں صنفی بنیاد پر تشدد (GBV) اور بچوں کے تحفظ سے متعلق امور کو مؤثر انداز میں حل کرنا ہے۔
یو این ایف پی اے کی تکنیکی معاونت سے جینڈر اینڈ چائلڈ سیل نے صنفی عملدرآمد فریم ورک اور ہنگامی حالات میں صنفی بنیاد پر تشدد سے نمٹنے کے لیے GBViE فریم ورک بھی تیار کیا ہے، جو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے فریم ورک سے ہم آہنگ ہے۔
ہنگامی حالات میں جامع تحفظ اور معاونت
جینڈر اینڈ چائلڈ سیل محکمہ سماجی بہبود، محکمہ ترقیِ نسواں سمیت دیگر سرکاری محکموں، اقوام متحدہ کے اداروں، انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور این جی اوز و آئی این جی اوز کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کرتا ہے۔
قدرتی آفات کے دوران سیل متاثرہ آبادیوں کو صنفی بنیاد پر تشدد اور بچوں کے تحفظ سے متعلق خطرات سے بچانے کے ساتھ ساتھ خواتین، مردوں، بچوں اور معذور افراد کے لیے مناسب سہولیات اور معاونت کی فراہمی یقینی بنانے میں کردار ادا کرتا ہے۔
شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی سیل
جینڈر اینڈ چائلڈ سیل کے تحت قائم خصوصی شکایتی سیل متعلقہ GCC نمائندگان کے ذریعے شکایات وصول کرتا اور انہیں تحفظ، صحت اور انسانی حقوق سمیت متعلقہ محکموں کو بھجواتا ہے۔ شکایات پر مناسب فالو اَپ کے ذریعے بروقت کارروائی اور مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔



