بلوچستان ہائی کورٹ میں نئے سہولت مرکز کا افتتاح، چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی مہمانِ خصوصی
سائلین اور وکلاء کو ایک ہی چھت تلے مقدمات سے متعلق ضروری معلومات اور سہولیات فراہم ہوں گی، سہولت مرکز ہر ضلع میں قائم ہونا چاہیے، چیف جسٹس پاکستان
کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ میں نئے سہولت مرکز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی تھے۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس کامران خان ملاخیل نے چیف جسٹس پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا، جس کے بعد جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس کامران خان ملاخیل کے ہمراہ نئے سہولت مرکز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
ججز، پولیس حکام اور وکلاء کی شرکت
تقریب میں سپریم کورٹ اور بلوچستان ہائی کورٹ کے معزز ججز، آئی جی پولیس محمد طاہر، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ حمزہ شفقات، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو بابر خان سمیت بڑی تعداد میں وکلاء نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تقریب کے دوران تمام شہداء کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
Pakistan’s Chief Justice inaugurates a new facilitation centre at the Balochistan .High Court to improve access to justice and court services
سائلین اور وکلاء کو بہتر سہولیات میسر ہوں گی، جسٹس کامران خان ملاخیل
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس کامران خان ملاخیل نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ میں سائلین اور وکلاء برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات کی اشد ضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ نئے سہولت مرکز کے ذریعے وکلاء اور سائلین کو بہتر سہولیات میسر ہوں گی اور انہیں ایک ہی چھت تلے اپنے مقدمات سے متعلق ضروری معلومات حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے سہولت مرکز کی تعمیر میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے سیکرٹری بابر خان کے تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
سہولت مرکز دو ہفتوں میں مکمل کیا گیا
جسٹس کامران خان ملاخیل نے بتایا کہ سہولت مرکز کو صرف دو ہفتوں کے مختصر عرصے میں مکمل کیا گیا، جبکہ تعمیراتی کام 24 گھنٹے تین شفٹوں میں جاری رہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سہولت مرکز سب کے لیے دستیاب ہوگا اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید بہتری اور جدید سہولیات کا اضافہ کیا جائے گا۔
انصاف کے حصول کے لیے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے، چیف جسٹس پاکستان
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انصاف ہر شہری تک پہنچانے کے لیے سائلین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورٹ روم نظامِ انصاف کا دل ہے، تاہم ہر شہری کو یہ حق حاصل ہے کہ اسے انصاف کے حصول کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو نظامِ انصاف میں متعارف کروا کر اسے انصاف کی فراہمی کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنا ہوگا۔
ہر ضلع میں ایسے سہولت مراکز قائم ہونے چاہئیں، جسٹس یحییٰ آفریدی
چیف جسٹس آف پاکستان نے بلوچستان ہائی کورٹ میں قائم سہولت مرکز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہترین اقدام ہے اور اسے صرف بلوچستان ہائی کورٹ تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ہر ضلع میں ایسے مراکز قائم ہونے چاہئیں، تاکہ ضلعی اور تحصیل کی سطح پر بھی شہریوں کو سہولیات میسر آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی نظام کا مقصد شہریوں کو انصاف فراہم کرنا ہے اور اس نظام کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔



