کمشنر لسبیلہ ڈویژن نے حب ماسٹر پلان کے منصوبوں کی فزیکل و فنانشل پیش رفت خود مانیٹر کرنے کا اعلان، منصوبے کو جدید شہری ترقی کی بنیاد قرار دے دیا
حب ماسٹر پلان پر اجلاس، منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ
حب: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کی زیر صدارت حب ماسٹر پلان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر حب جم داد مندوخیل، پراجیکٹ ڈائریکٹر ارباب ایوب کاسی، ڈی آئی جی لسبیلہ رینج عبدالقیوم پتافی، لسبیلہ اور حب کے ایس ایس پیز، چیئرمین میونسپل کارپوریشن، کنسلٹنٹ فرم کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں حب ماسٹر پلان کے مختلف منصوبوں، فنڈز کے اجرا، فزیکل و فنانشل پیش رفت اور آئندہ کے ترقیاتی مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ماسٹر پلان پر کام کسی صورت نہیں رکنا چاہیے، سائرہ عطاء
کمشنر سائرہ عطاء نے کہا کہ حب ماسٹر پلان جدید شہری ترقی اور حب کو ماڈرنائزیشن کی جانب لے جانے کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے، اس پر کام کسی صورت نہیں رکنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شہری آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو فیزیبلٹی میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ترقیاتی منصوبے صرف ملٹی میڈیا پر نہیں بلکہ عملی طور پر گراؤنڈ پر نظر آنے چاہئیں۔
Hub Master Plan aims to improve urban infrastructure and essential services through planned development.
کمشنر نے کہا کہ جتنے فنڈز جاری ہوئے ہیں ان کی بنیاد پر منصوبوں کی فزیکل اور فنانشل پروگریس خود چیک کریں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی ضروریات کے مطابق فنڈز کے اجرا سے قبل کسی قسم کی توڑ پھوڑ نہیں ہونی چاہیے۔
ماسٹر پلان کے پہلے مرحلے میں 6 منصوبے شامل
پراجیکٹ ڈائریکٹر حب ماسٹر پلان ارباب ایوب کاسی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماسٹر پلان کے فیز ون میں 6 منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق تقریباً 6 ارب روپے کے مجموعی منصوبے کے لیے رواں مالی سال 14 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری ہوئی ہے، جبکہ بجٹ میں 6 ارب روپے کے منصوبے کی مجموعی لاگت کا چار فیصد بھی مکمل طور پر مختص نہیں کیا گیا۔
حب سٹی کے داخلی مقام پر گیٹ اور جدید بس ٹرمینل کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ انٹرسٹی بس ٹرمینل کی فاؤنڈیشن اور گرین ایریا بھی ماسٹر پلان میں شامل کیے گئے ہیں۔
ڈی سی کمپلیکس اور آفیسر کالونی پر کام جاری
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تقریباً 2 ارب روپے کی لاگت سے ڈی سی کمپلیکس حب اور آفیسر کالونی پر کام جاری ہے۔
ڈی سی کمپلیکس کی 40 فیصد فزیکل اور 32 فیصد فنانشل پروگریس مکمل ہو چکی ہے جبکہ آفیسر کالونی کی 30 فیصد فزیکل اور 20 فیصد فنانشل پیش رفت ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ منصوبوں کی تکمیل جون 2026 تک متوقع ہے، تاہم اس کا انحصار مطلوبہ فنڈز کی بروقت فراہمی پر ہے۔
ڈرینیج اور سیوریج منصوبوں پر پیش رفت
پراجیکٹ ڈائریکٹر ارباب ایوب کاسی نے بتایا کہ آر سی ڈی ہائی وے روڈ کے 5 کلومیٹر علاقے میں ڈرینیج اور سیوریج کے منصوبے پر کام جاری ہے۔
ان کے مطابق ایک کلومیٹر سیوریج لائن اور 100 میٹر ڈرینیج لائن کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ سروس کوریڈور کو دونوں اطراف بحریہ ٹاؤن کی طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے زیر زمین الیکٹرک کیبلنگ کا کام بھی ماسٹر پلان میں شامل کیا گیا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں سیوریج، واٹر سپلائی اور ڈرینیج جبکہ دوسرے مرحلے میں سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ شامل ہے۔
واٹر سپلائی، لنک روڈ اور اسپورٹس کمپلیکس منصوبے کا حصہ
حکام کے مطابق واٹر سپلائی اپ گریڈیشن، مین آر سی ڈی روڈ، حب بائی پاس سے منسلک لنک روڈ سمیت مختلف منصوبے ماسٹر پلان کا حصہ ہیں۔
جام غلام قادر اسٹیڈیم میں جدید طرز کا اسپورٹس کمپلیکس بھی ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ آر سی ڈی ہائی وے پر بس اسٹینڈ کے قریب خواتین کے لیے جم اور پارک کی تعمیر پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔
الہ آباد ٹاؤن اور جام غلام قادر کمپلیکس کے منصوبے مکمل ہونے کے بعد محکمہ کھیل کے حوالے کیے جائیں گے۔
تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات پر توجہ
اجلاس میں بتایا گیا کہ عدالت روڈ، مری چوک اور ٹولیڈاروڈ سے تجاوزات ختم کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ پیرکس روڈ پر سیوریج اور ڈرینیج کے کام بھی جاری ہیں۔
سروس روڈ کی تعمیر کے حوالے سے سوئی گیس اور کے الیکٹرک حکام کے ساتھ کوآرڈینیشن میٹنگ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔



