کلان واٹر سپلائی اسکیم کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا کام بحال، خجک میں 2 کروڑ 50 لاکھ روپے سے نیا واٹر ریزروائر تعمیر ہوگا
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) فیز تھری کے تحت خاران اور سبی میں عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
خاران میں کلان واٹر سپلائی منصوبہ بحال
خاران میں کلان واٹر سپلائی منصوبے کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے اور چار دیواری کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمر جمالی نے متعلقہ فریقین کے ہمراہ منصوبے کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایکسین پی ایچ ای حاجی امان اللہ شاہوانی، ایم پی اے خاران کے نمائندے بختیار مسکانزئی اور علاقے کے معتبرین بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے منصوبے سے متعلق فریقین کے تحفظات سنے اور باہمی مشاورت سے غلط فہمیاں دور کرائیں، جس کے بعد منصوبے پر کام دوبارہ شروع کردیا گیا۔
سبی کے خجک میں 50 ہزار گیلن کا ریزروائر
سبی کے گاؤں خجک میں پانی کی بڑھتی ہوئی طلب اور آبادی کی ضروریات کے پیش نظر 50 ہزار گیلن گنجائش کے اوور ہیڈ اسٹوریج ریزروائر (OHSR) پر مشتمل نئی واٹر سپلائی اسکیم کا آغاز کردیا گیا۔
منصوبے کا افتتاح کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس کرنل منیر احمد سلطان اور ڈپٹی کمشنر سبی نے کیا۔ تقریب میں ونگ کمانڈر کرنل عبدالمنان، اسسٹنٹ کمشنر سبی و بختیارآباد میر بہادر خان بنگلزئی، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ضلعی افسران، معززین علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
3 ہزار افراد کو فائدہ ہوگا
ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ گلاب خان کے مطابق خجک میں 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے نیا اوور ہیڈ اسٹوریج ریزروائر تعمیر کیا جائے گا۔ پرانا واٹر ٹینک آبادی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے لیے ناکافی ہوچکا ہے۔
نئے ریزروائر کی تکمیل سے تقریباً 3 ہزار افراد کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی بہتر فراہمی ممکن ہوگی۔
بروقت تکمیل اور معیار کی ہدایت
کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس اور ڈپٹی کمشنر سبی نے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے کام مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور فریقین کے مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
BSDI Launches Water Supply Projects in Kharan and Sibi to Improve Access to Clean Drinking Water



