بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، موسیٰ خیل کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بلڈ بینک اور آپریشن تھیٹر جبکہ لسبیلہ یونیورسٹی میں آئی ٹی اسکل لیب کے ذریعے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
موسیٰ خیل ہسپتال میں طبی سہولیات کی تعمیر جاری
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو، بی ایس ڈی آئی، کے تحت موسیٰ خیل کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بلڈ بینک اور آپریشن تھیٹر کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کے مریضوں کو خون کی دستیابی اور ضروری جراحی سہولیات مقامی سطح پر میسر ہوں گی۔
بلڈ بینک کے قیام سے ہنگامی حالات، حادثات اور آپریشن کے دوران خون کی بروقت فراہمی میں مدد ملے گی، جبکہ آپریشن تھیٹر فعال ہونے سے ہسپتال میں مختلف ضروری سرجریز کی سہولت دستیاب ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خان خجک نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرکے منصوبوں کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نادر خان نے انہیں منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور تعمیراتی معیار سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کام کے معیار کو برقرار رکھنے اور منصوبوں کو مقررہ رفتار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
لسبیلہ یونیورسٹی میں آئی ٹی اسکل لیب سے طلبہ کو عملی تربیت
دوسری جانب بی ایس ڈی آئی کے تحت لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز میں قائم آئی ٹی اسکل لیب کے ذریعے طلبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی عملی اور فنی تربیت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
منصوبے اور یونیورسٹی میں جاری دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کے ہمراہ یونیورسٹی کا دورہ کیا۔
کمشنر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد المالک ترین سے ملاقات کی، جس کے بعد سینیٹ ہال میں یونیورسٹی کی تعلیمی، انتظامی اور ترقیاتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی اسکل لیب کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں عملی اور فنی مہارتیں فراہم کرنا ہے۔ بعد ازاں کمشنر نے یونیورسٹی انتظامیہ کے ہمراہ کیمپس میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئی ٹی اسکل لیب کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام، سہولیات اور طلبہ کی فنی تربیت کا جائزہ لیا۔
کمشنر سائرہ عطاء نے جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور طلبہ کے لیے جدید تعلیمی و فنی مواقع کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔



