وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی حمایت کو سراہا، معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی کاروباری شخصیات اور ماہرین کو سرمایہ کاری کی دعوت دی
آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات
نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان محتاط مالیاتی اور زری پالیسیوں کے باعث معاشی استحکام سے بحالی کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ حکومت اصلاحات کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے معیشت کو پائیدار اور جامع ترقی کی بنیاد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیاب عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے مالیاتی نظم و ضبط، بیرونی مالیاتی ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے نیشنل ٹیرف رجیم، ملکی محصولات میں اضافے اور نجکاری میں پیش رفت کو حکومتی اصلاحات کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کمزور طبقات کے تحفظ کے ساتھ معاشی اصلاحات جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی اور حکومت کی معاشی استحکام کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے آئی ایم ایف پروگرام کے آئندہ جائزے، اصلاحات، معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
امریکی پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت
بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکا میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات اور مختلف شعبوں سے وابستہ ماہرین سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات اور پیشہ ور افراد دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر ہیں اور اپنی مثبت خدمات کے ذریعے ملک کا بہتر تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات سے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملی ہے، جبکہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔کاروباری اور پیشہ ور وفود نے زراعت، صنعت، برآمدات اور ایف بی آر میں اصلاحات سمیت حکومت کے مختلف اقدامات کو سراہا۔
Pakistan is pursuing economic reforms while seeking greater investment and sustainable growth.
ملاقاتوں میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، خصوصی معاون بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان احمد شیخ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔



