Facebook YouTube TikTok WhatsApp
پاکستان

پیٹرول ریلیف اسکیم کا ڈیجیٹل نظام فعال، مستحق شہری 100 روپے فی لیٹر رعایت حاصل کرسکیں گے

✍️ Nazrban Balochistan 📅 14 Sep 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

موٹرسائیکل اور چنگچی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے 30 لیٹر رعایتی پیٹرول مقرر، رجسٹریشن اور فیول ٹوکن کا طریقہ کار جاری

اسلام آباد: وزیراعظم کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو 100 روپے فی لیٹر سستا پیٹرول فراہم کرنے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام فعال کردیا گیا ہے۔

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر صوبائی محکموں، نادرا اور ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون سے جامع اور خودکار نظام تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد مستحق شہریوں تک سبسڈی شفاف انداز میں پہنچانا اور گاڑیوں کی تصدیق کے عمل کو خودکار بنانا ہے۔

کس کو کتنے لیٹر پیٹرول پر ریلیف ملے گا؟

اسکیم کے تحت موٹرسائیکل اور چنگچی رکشہ مالکان کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت مقرر کی گئی ہے۔

اس طرح موٹرسائیکل یا چنگچی کے لیے ماہانہ زیادہ سے زیادہ ریلیف 2 ہزار روپے جبکہ 800 سی سی تک گاڑی کے لیے 3 ہزار روپے تک ہوسکتا ہے۔

رجسٹریشن کا طریقہ کار

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے شہری REG لکھ کر اپنا شناختی کارڈ نمبر 9771 پر ایس ایم ایس کریں۔ گاڑی کا نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ بھی درج کرنا ہوگی۔

صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایکسائز کے تعاون سے گاڑیوں کی ملکیت اور رجسٹریشن کی تصدیق کا عمل ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کیا جائے گا۔

فیول ٹوکن کیسے حاصل ہوگا؟

رجسٹریشن اور تصدیق کے بعد رعایتی پیٹرول کے حصول کے لیے TOK لکھ کر 9771 پر پیغام بھیجنا ہوگا۔ جاری ہونے والا فیول ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھا کر مقررہ حد تک 100 روپے فی لیٹر رعایت حاصل کی جاسکے گی۔

اسلام آباد میں پہلے، ملک بھر میں بعد میں اطلاق

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق اسلام آباد میں خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا آغاز پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں، بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے رعایت دستیاب ہوگی۔

حکام کے مطابق ڈیجیٹل نظام کا مقصد سبسڈی کی فراہمی میں شفافیت یقینی بنانا، مستحق افراد کی درست شناخت اور پیٹرول ریلیف کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

Pakistan Activates Digital System for Rs100 Per Litre Petrol Relief Scheme for Motorcycles, Rickshaws and Small Cars

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں