خضدار میں ناخواندگی کے خاتمے اور اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کے دھارے میں لانے کیلئے ایک سال کے دوران 190 کمیونٹی اسکول فعال کیے گئے، جہاں 9 ہزار 540 بچوں کا داخلہ ہوا ہے۔
خضدار میں کمیونٹی اسکولوں کا تعلیمی نیٹ ورک
بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن (BEF) کے تحت ضلع خضدار میں گزشتہ ایک سال کے دوران 190 کمیونٹی اسکول فعال کیے گئے۔ ان میں 140 نئے جبکہ 50 پہلے سے فعال اسکول شامل ہیں۔یہ اقدام اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے اور دور دراز علاقوں میں تعلیمی رسائی بڑھانے کیلئے شروع کیا گیا ہے۔
The community school network is expanding educational access for children in remote areas of Khuzdar.
9 ہزار 540 بچوں کا داخلہ
بی ای ایف کے مطابق ان اسکولوں میں مجموعی طور پر 9 ہزار 540 بچے زیر تعلیم ہیں، جن میں 5 ہزار 760 لڑکے اور 3 ہزار 780 لڑکیاں شامل ہیں۔اس تعلیمی نیٹ ورک کو چلانے کیلئے 221 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جن میں 101 مرد اور 120 خواتین اساتذہ شامل ہیں۔بی ای ایف کے مطابق 150 اساتذہ کو پروفیشنل ٹریننگ دی جاچکی ہے جبکہ 71 اساتذہ کی تربیت جاری ہے۔
160 اسکولوں میں صاف پانی کی سہولت
تعلیمی سہولیات کے حوالے سے 190 میں سے 160 اسکولوں میں پینے کے صاف پانی کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، جو مجموعی اسکولوں کا 84.2 فیصد بنتا ہے، جبکہ 30 اسکولوں میں پانی کی سہولت پر کام جاری ہے۔تحصیل وار اعداد و شمار کے مطابق خضدار میں 90، نال میں 46، وڈھ میں 43، زہری میں 7 اور کرخ میں 4 کمیونٹی اسکول قائم کیے گئے ہیں۔
اسکولوں میں مزید سہولیات کی فراہمی
ضلعی انتظامیہ اور بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مطابق اگلے مرحلے میں ان اسکولوں میں فرنیچر، واش رومز اور بجلی کی سہولیات کو مکمل کیا جائے گا۔



