Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

بلوچستان یوتھ انوویشن اینڈ انکیوبیشن کمپٹیشن 2026 کا اعلان، نوجوانوں کے لیے لاکھوں روپے کے انعامات

✍️ Nazrban Balochistan 📅 12 Oct 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری آئیڈیاز کو فروغ دینے کا اقدام

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، جدید خیالات کی حوصلہ افزائی اور کاروباری مواقع پیدا کرنے کے لیے بلوچستان یوتھ انوویشن اینڈ انکیوبیشن کمپٹیشن 2026 منعقد کرنے جا رہی ہے۔

یہ مقابلہ حکومت بلوچستان کے بلوچستان سینٹر آف ایکسیلینس برائے انسدادِ انتہا پسندی اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوگا، جس میں صوبے کی سرکاری جامعات کے طلبہ و طالبات اپنے اختراعی اور کاروباری آئیڈیاز پیش کر سکیں گے۔

امن، برداشت اور سماجی ہم آہنگی کا فروغ

مقابلے کا مقصد نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، تعمیری سوچ اور کاروباری استعداد کو فروغ دینا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرکے امن، برداشت اور سماجی ہم آہنگی کو تقویت دینے کے ساتھ پُرتشدد انتہا پسندی سے دور رکھنے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ وہ اپنے معاشروں میں مثبت تبدیلی اور پائیدار امن کے سفیر بن سکیں۔

سرکاری جامعات سے بہترین آئیڈیاز طلب

مقابلے میں بلوچستان کی تمام سرکاری جامعات اپنے طلبہ و طالبات سے آئیڈیاز پر مبنی پروپوزلز طلب کریں گی۔ ہر جامعہ ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد پانچ بہترین پروپوزلز بلوچستان سینٹر آف ایکسیلینس برائے انسدادِ انتہا پسندی کو ارسال کرے گی، جہاں نامزد سلیکشن کمیٹی میرٹ کی بنیاد پر ان کا جائزہ لے کر کامیاب امیدواروں کا حتمی فیصلہ کرے گی۔

پہلی پوزیشن کے لیے 10 لاکھ روپے کا انعام

مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے نقد انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔

پہلی پوزیشن لینے والے کو 10 لاکھ روپے،دوسری پوزیشن کو 7 لاکھ 50 ہزار روپے،تیسری پوزیشن کو 5 لاکھ روپے قد انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔

پانچ اہم شعبوں میں اختراعی آئیڈیاز کی حوصلہ افزائی

مقابلے میں درج ذیل شعبوں سے متعلق تجاویز اور کاروباری آئیڈیاز پیش کیے جا سکتے ہیں:ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI)،کاروباری منصوبے اور انٹرپرینیورشپ ،تعلیم اور مہارتوں کی ترقی،غذائی تحفظ اور ماحولیاتی استحکام،نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانا

پروپوزلز جمع کرانے کا طریقہ اور آخری تاریخ

سرکاری جامعات کے طلبہ و طالبات اپنے آئیڈیاز پر مبنی پروپوزلز اپنی جامعہ کے نامزد فوکل پرسن کے پاس جمع کرا سکتے ہیں۔ پروپوزل انگریزی زبان میں تقریباً 600 الفاظ پر مشتمل ہونا چاہیے، جس میں ایگزیکٹو سمری، منصوبے کی اہمیت اور معاشرے پر مثبت سماجی و معاشی اثرات کے لیے تقریباً 200، 200 اور 200 الفاظ مختص کیے جائیں۔

پروپوزلز جمع کرانے کی تاریخ 8 اکتوبر سے 18 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

بلوچستان یوتھ انوویشن اینڈ انکیوبیشن کمپٹیشن 2026 نوجوانوں کو اپنے تخلیقی خیالات عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے، کاروباری صلاحیتیں نکھارنے اور صوبے میں امن، سماجی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

Balochistan Youth Innovation and Incubation Competition 2026 Offers Cash Prizes of Up to Rs 1 Million for Students’ Innovative Ideas.

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑