وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ ریاست پر حملہ ہے اور دہشت گردوں کو ہر قیمت پر انجام تک پہنچایا جائے گا۔
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ریاست کی رٹ پر حملہ ہے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے محافظوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی، جبکہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں رہنے دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے گا۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا اور ججز کو نشانہ بنانا ایک گہری سازش کا حصہ ہے اور دہشت گردوں سمیت ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی جاری رہے گی۔
شاہد رند نے بتایا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ حکومت بلوچستان شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔



