کوئٹہ کے ایک نجی اسپتال میں خاتون نے آپریشن کے ذریعے تین بچیوں اور دو بچوں سمیت پانچ بچوں کو جنم دیا، جبکہ ماں اور تمام نومولود صحت مند ہیں۔
کوئٹہ: کوئٹہ کے ایک نجی اسپتال میں خاتون کے ہاں بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی، جس پر اہلِ خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق نومولود بچوں میں تین بچیاں اور دو بچے شامل ہیں۔
اسپتال حکام کے مطابق بچوں کی پیدائش آپریشن (سیزیرین) کے ذریعے ہوئی۔ ماں اور پانچوں نومولود صحت مند ہیں اور خاتون کی حالت بھی خطرے سے باہر اور مستحکم ہے۔
اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ یہ ایک نایاب اور خوش آئند واقعہ ہے۔ماں اور بچوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق پانچوں نومولود آئندہ 10 روز تک خصوصی طبی نگہداشت میں رہیں گے، جہاں ماہر امراضِ اطفال کی نگرانی میں ان کی مسلسل دیکھ بھال اور ضروری علاج جاری رکھا جائے گا۔
اہلِ خانہ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے ماں اور بچوں کی مکمل صحت و سلامتی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔



