وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں زیر تعمیر دانش یونیورسٹی ٹیکنالوجی میں علاقائی مرکزِ امتیاز بنے گی۔
معیاری اور میرٹ پر مبنی تعلیم حکومت کی ترجیح
وزیراعظم شہباز شریف نے دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو جدید، معیاری اور میرٹ پر مبنی تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ دانش یونیورسٹی باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرے گی، جبکہ داخلوں کے لیے ملک بھر میں سختی سے میرٹ پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔
Daanish University aims to provide modern education and advanced research opportunities for talented youth.
یونیورسٹی میں مختلف شعبے متعارف ہوں گے
اجلاس کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے لیے اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے اور اب تک 185 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔یونیورسٹی میں ابتدائی طور پر بائیو انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس، ٹیکنالوجی اور سوشل سائنسز کے شعبے متعارف کرائے جائیں گے۔
ورچوئل اسکول کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ شروع
ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال کے طلبہ کے لیے دانش یونیورسٹی کے ورچوئل اسکول کا ٹیلنٹ ہنٹ شروع کردیا گیا ہے۔منتخب طلبہ کے لیے پانچ ماہ کی کلاسز مکمل طور پر مفت ہوں گی، جبکہ داخلہ ٹیسٹ 24 اکتوبر 2026 کو ملک کے 40 سے زائد شہروں میں منعقد ہوگا۔
ستمبر 2027 میں باقاعدہ تعلیمی سیشن شروع ہوگا
اجلاس کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی کیمپس کی عمارت آئندہ سال مکمل ہوجائے گی۔ تیاری کے لیے برج پروگرام 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا، جبکہ یونیورسٹی کا باقاعدہ تعلیمی سیشن 20 ستمبر 2027 سے شروع ہوگا۔اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رکن قومی اسمبلی اسامہ سرور، دانش یونیورسٹی بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین عارف سعید اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔



