Facebook YouTube TikTok WhatsApp
بلوچستان

بلوچستان میں ادویات اور ویکسین کی ترسیل آسان بنانے کے لیے جدید سولر گودام قائم

✍️ Nazrban Balochistan 📅 30 Oct 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

یونیسف نے 250 کلوواٹ سولر پاور سے چلنے والا میڈیکل سپلائی ویئر ہاؤس محکمہ صحت بلوچستان کے حوالے کر دیا

اوتھل (لسبیلہ): اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف (UNICEF) نے اوتھل، ضلع لسبیلہ میں 250 کلوواٹ سولر پاور سے چلنے والا جدید میڈیکل سپلائی ویئر ہاؤس محکمہ صحت بلوچستان کے حوالے کر دیا ہے، جس سے صوبے بھر میں ادویات اور ویکسین کی بروقت فراہمی ممکن ہوگی جبکہ ترسیل کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی اور یونیسف کے چیف فیلڈ آفیسر فٹسُم آسفا نے گودام کا دورہ کیا اور جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔ وفد نے ڈی ایچ کیو ہسپتال لسبیلہ کا بھی معائنہ کیا۔

تین زونز میں ادویات کی ترسیل کا نیا نظام متعارف

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ماضی میں کراچی اور دیگر شہروں سے آنے والی ادویات پہلے کوئٹہ منتقل کی جاتی تھیں، جس کے باعث وقت اور اخراجات میں اضافہ ہوتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کو شمالی، وسطی اور جنوبی زونز میں تقسیم کرکے ادویات کی ترسیل کا نظام بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اوتھل کا نیا گودام اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

40 فیصد علاقے کو سہولت، پولیو ویکسین بھی محفوظ ہوگی

سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی نے کہا کہ اوتھل کی جغرافیائی اہمیت کے باعث یہ مرکز مختلف اضلاع میں ویکسین، معمول کی ادویات، ای پی آئی پروگرام اور پولیو مہم کے لیے مؤثر تقسیم مرکز ثابت ہوگا۔

یونیسف کے مطابق نئے نظام کے تحت ادویات کراچی سے براہِ راست لسبیلہ پہنچائی جا سکیں گی، جس سے اردگرد کے تقریباً 40 فیصد علاقے کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

جدید کولڈ اسٹوریج اور سولر سسٹم سے لیس گودام

ویئر ہاؤس میں جدید سولر پاور سسٹم، ادویات کی نگرانی کے لیے انوینٹری مینجمنٹ، سکیورٹی اور درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ ادویات اور ویکسین کو محفوظ رکھا جا سکے۔ حالیہ پولیو مہم کے دوران بھی یہاں پولیو ویکسین محفوظ کی گئی تھی۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال لسبیلہ بھی مکمل سولرائزڈ

دوسری جانب ڈی ایچ کیو ہسپتال لسبیلہ کو بھی مکمل طور پر سولر توانائی پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس سے چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے اور بجلی کے اخراجات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

صوبائی وزیر صحت نے بلوچستان کے شعبہ صحت میں تعاون پر یونیسف اور دیگر ڈونر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

UNICEF Hands Over 250kW Solar-Powered Medical Warehouse to Balochistan Health Department in Uthal

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑