Facebook YouTube TikTok WhatsApp
بلوچستان

بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے وفاقی حکومت کا بڑا اقدام، فنڈز کی کمی نہیں آنے دیں گے، چیئرمین نیوٹیک

✍️ Nazrban Balochistan 📅 02 Nov 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

نوجوانوں کو جدید فنی تربیت کی فراہمی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے خصوصی پروگرامز شروع کیے جائیں گے، انجینئر قمر الاسلام رانا

کوئٹہ: بلوچستان کے نوجوانوں، خصوصاً خواتین کو جدید فنی تربیت فراہم کرنے اور ان کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) انجینئر قمر الاسلام رانا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

کوئٹہ میں چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمر الاسلام رانا نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نادیہ کریم سہو کے ہمراہ ویمن ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی، سیکریٹری محنت صالح محمد ناصر اور ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالقیوم زرکون نے ان کا استقبال کیا۔

خواتین کو جدید فنی تربیت کی فراہمی پر بریفنگ

دورے کے دوران چیئرمین نیوٹیک کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری تربیتی پروگراموں اور طالبات کو فراہم کی جانے والی فنی و تکنیکی تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر انہوں نے زیر تربیت طالبات سے ملاقات بھی کی اور ان سے تربیتی سہولیات، سیکھے جانے والے ہنر اور مستقبل میں روزگار کے امکانات سے متعلق گفتگو کی۔

وزیراعظم کی خصوصی توجہ بلوچستان کے نوجوانوں پر ہے، چیئرمین نیوٹیک

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر قمر الاسلام رانا نے کہا کہ دورے کا بنیادی مقصد بلوچستان کی ضروریات اور مقامی حالات کے مطابق فنی تربیت کے پروگراموں کو مزید مؤثر بنانا اور ان کا دائرہ کار وسیع کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی توجہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے پر مرکوز ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں باہمی تعاون سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا چاہتی ہیں تاکہ وہ جدید فنی مہارتیں حاصل کرکے اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔

Federal Government Announces Special Skill Development Initiatives for Balochistan Youth, Says NAVTTC Chairman

پنجاب اور اسلام آباد میں بھی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے

چیئرمین نیوٹیک نے بتایا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو صوبے کے علاوہ پنجاب، اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی جدید فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ تربیتی پروگراموں میں شرکت کرنے والے نوجوانوں کے سفر، رہائش اور کھانے پینے کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی تاکہ مالی مشکلات ان کی پیشہ ورانہ تربیت میں رکاوٹ نہ بنیں۔

وفاقی حکومت کا تعاون خوش آئند ہے، مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان

دوسری جانب مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی نے نوجوانوں کی فنی تربیت اور ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے چیئرمین نیوٹیک اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنے اور خواتین کے لیے فنی تربیت کے مواقع بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

دورے کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو جدید فنی مہارتوں سے لیس کرکے ان کے لیے روزگار کے نئے راستے کھولنا اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے اقدامات کو فروغ دینا ہے۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑