سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں تعلیمی سیشن، جامعات کے کردار، طلبہ کی کردار سازی، معیاری تحقیق اور اسکول و یونیورسٹی تعلیم کے درمیان خلا کم کرنے پر زور
سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے مستقبل اور معاشرے کی ترقی میں جامعات کے کردار کے حوالے سے اہم تعلیمی مکالمے کا انعقاد کیا گیا۔
جامعات معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں
تعلیمی سیشن کا موضوع ’’بلوچستان کے مستقبل کی تعمیر میں اکیڈمیا کا کردار‘‘ تھا، جس میں ترقی پسند معاشرے کی تشکیل میں جامعات کے کردار، بلوچستان کے موجودہ مسائل کی بنیادی وجوہات اور ان کے حل میں اکیڈمیا اور نوجوانوں کے کردار پر گفتگو کی گئی۔
پینل میں وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، وائس چانسلر ایس بی کے ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن لال جان جعفر اور دیگر اعلیٰ تعلیمی حکام نے شرکت کی۔
طلبہ کی کردار سازی اور تنقیدی سوچ پر زور
مقررین نے طلبہ کی کردار سازی، اساتذہ کی مسلسل تربیت، تنقیدی سوچ اور سوال کرنے کی حوصلہ افزائی کو تعلیمی نظام کا اہم حصہ قرار دیا۔
اس موقع پر معیاری تحقیق کو فروغ دینے اور طلبہ کو غیر نصابی و کمیونٹی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ شامل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
اسکول اور یونیورسٹی تعلیم کا خلا کم کرنے کی ضرورت
سیشن کے دوران بلوچستان کی جامعات میں داخلوں میں کمی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ مقررین نے اسکول اور یونیورسٹی کی تعلیم کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کیلئے مضبوط تعلیمی بنیاد فراہم کی جاسکے۔
سیکریٹری اسکول ایجوکیشن لال جان جعفر نے کہا کہ تعلیم کو دوبارہ عوامی گفتگو کا اہم حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی سطح پر طلبہ کی بہتر تیاری ضروری ہے تاکہ یونیورسٹی پہنچنے والے طلبہ کو مزید مضبوط تعلیمی بنیاد میسر آسکے۔
طلبہ کو اظہارِ رائے کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر زور
صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں صحت مند اور بامقصد مکالمے کیلئے طلبہ کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ مختلف موضوعات پر منظم انداز میں اپنی رائے کا اظہار کرسکیں۔
اختتامی کلمات میں وائس چانسلر ایس بی کے ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے مہمان خصوصی اور تمام پینلسٹس کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے محنت، خلوص اور اجتماعی ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
سیشن کے اختتام پر بلوچستان کی جامعات میں ایسے تعلیمی مکالموں کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
SBKWU hosts educational dialogue on academia’s role in shaping Balochistan’s future, emphasizing critical thinking, quality research, student development and stronger school-university linkages.



